ہوم > انٹرنیشنل > امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں فائرنگ، پاکستانی طالبہ سمیت 10 ہلاک

امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں فائرنگ، پاکستانی طالبہ سمیت 10 ہلاک

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی شامل ہے۔کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا اسکالر شپ پروگرام کے تحت امریکا پڑھنےگئی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں پیش آیا جہاں ایک طالب علم نے اسکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

واقعے کے فوری بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی درجنوں گاڑیوں اور 3 ہیلی کاپٹرز نے اسکول کو گھیر لیا۔

بعدازاں مقابلے کے بعد 17 سالہ حملہ آور سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار حملہ آور کی شناخت دمتریوز پیگورٹزس کے نام سے ہوئی ہے، جو سانتافے اسکول کا ہی طالب علم ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد 2 مقامات پر تلاشی لی گئی جہاں سے مزید دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

‘حملہ آور خودکشی کرنا چاہتا تھا’

دوسری جانب حملہ آور طالب علم کے زیر استعمال ایک ڈائری سے معلوم ہوا ہے کہ وہ خودکشی کرنا چاہتا تھا مگر اس کی ہمت نہ کر پایا۔

گورنر ٹیکساس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے طالب علم نے اپنے والد کی بندوق استعمال کی، ملزم نےخود کو پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

گورنر ٹیکساس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے طالب علم نے اپنے والد کی بندوق استعمال کی، ملزم نےخود کو پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

پاکستانی طالبہ کی ہلاکت کی تصدیق

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے اسکول میں فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا۔

پاکستانی سفارت خانے نے واقعے میں سبیکا شیخ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے طالبہ کے اہلخانہ اور دوست احباب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سے متعلق تفصیلات کا انتظار ہے اور ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ اس حوالے سے الرٹ ہے۔

پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے بتایا کہ انہوں نے سبیکا کے والد سے بات کرکے تعزیت کی اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔

اعزاز چوہدری نے بتایا کہ ٹیکساس میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کو اس کا چارج دیا گیا ہے، میت کی جلد پاکستان روانگی ہمارا اخلاقی فرض ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکامیں ایسے واقعات میں کچھ وقت لگتا ہے، لیکن کوشش ہے کہ کم سےکم وقت میں میت پاکستان روانہ کی جائے۔1 سے 2 روز میں سبیکا کی میت وطن روانہ کردیں گے، پاکستانی قونصل جنرل

ٹیکساس میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے جیو نیوز سے گفتگو میں ہائی اسکول میں فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میت کی روانگی کے لیے حکمت عملی بنالی ہے،کل تک اہم پیشرفت ہوگی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ وار تعطیل کے باعث میت کی روانگی میں تاخیر ہوسکتی ہے، پیر تک میت پاکستان بھجوانے کا انتظام کرنے کی کوشش کریں گے۔

عائشہ فاروقی نے مزید بتایا کہ ہوسٹن سے پاکستان کے لیےکوئی براہ راست فلائٹ نہیں ہے، میت کی براہ راست پاکستان روانگی کے لیے ایئرلائن سے رابطہ کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی مذمت

فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ‘اس المناک موقع پر ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گے’۔

امریکا میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ

خیال رہے کہ گزشتہ آٹھ روز کے دوران کسی امریکی اسکول میں فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے جبکہ رواں سال ایسے 22 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

فروری میں ریاست فلوریڈا کی کاؤنٹی پارک لینڈ میں واقع ایک ہائی اسکول میں سابق طالب علم کی فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

گزشتہ سال نومبر میں ریاست کیلیفورنیا کے ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

بھارت میں جنونی ہندوؤں نے گائے کی اسمگلنگ کا الزام لگا کر ایک مسلمان قتل کردیا

نئی دہلی: بھارت میں جنونی ہندوؤں کے ہجوم نے دو مسلمان نوجوانوں کو گائے کی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *