Friday , December 14 2018
ہوم > پاکستان > کراچی سمیت سندھ بھر میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی اور شہرِ قائد میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر 2 بجے تک شہر میں گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

شہر میں شمال مشرق سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 9 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں جاری ہیٹ ویو کی لہر جمعرات تک برقرار رہ سکتی ہے اور جمعہ (25 مئی) سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔گزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا تھا جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت چھور میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

تاہم راولپنڈی، بالائی خیبرپختونخوا، بالائی فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

احتیاطی تدابیر:

اگر ہوا نہ ہو تو شہری لو لگنے، ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کا شکار ہوسکتے ہیں۔

ہیٹ اسٹروک اُس وقت ہوتا ہے جب انسانی جسم اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے کے لیے تیزی سے پسینہ خارج کرتا ہے تاکہ جسم کو باہر سے ٹھنڈک پہنچائی جاسکے۔لیکن پسینے کے اخراج کی صورت میں پیدا ہونے والی پانی کی اندرونی کمی کو فوراً پورا نہ کیا جائے تو پانی اور نمکیات کی کمی کے باعث جسم کا قدرتی کولنگ سسٹم ناکارہ ہوجاتا ہے اور انسان تھکاوٹ، سرسام یا لو لگ جانے جیسے جان لیوا امراض کا شکار ہوسکتا ہے۔

حالیہ گرمی کی لہر چونکہ رمضان المبارک کے دوران آ رہی ہے، لہذا روزے کی حالت میں ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ بلا ضرورت سائے دار جگہ سے مت نکلیں اور اگر مجبوری میں باہر نکلنا پڑے تو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

باہر نکلتے وقت سر اور کندھے پر گیلا کپڑا رکھیں۔
ہلکے رنگوں والے کپٹرے پہنیں۔
جہاں تک ممکن ہو رش سے دور اور سایہ دار مقام پر رہیں۔
سورج سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال ضرور کریں۔
سحر اور افطار میں ٹھنڈی غذاؤں کا استعمال کریں۔
شدید گرمی میں 4 سال سے کم عمر بچے اور 60 سال سے زائد افراد کو خصوصی احتیاط کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد، ذیابطیس یا شوگر، امراض قلب اور ہائپر ٹینشن یا فشار خون کی زیادتی کے مریض شدید گرمی میں باہر نا نکلیں۔
وہ افراد جو دھوپ میں کام کرتے ہیں انہیں بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور انہیں مسلسل اپنے جسم پر پانی ڈالتے رہنا چاہیے۔

یہ بھی دیکھیں

شہباز شریف کو اے پی سی کا چیئرمین بنانے کی پیشکش ۔۔۔۔ سابق وزیر اعلیٰ کا موقف بھی سامنے آ گیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) شہباز شریف کا کہنا ہے حکومتی آفر کا خیرمقدم کرتے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *