Friday , September 21 2018
ہوم > پاکستان > ملک کے بیشترعلاقوں میں سورج آج بھی آگ برسائے گا، ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھ گئے

ملک کے بیشترعلاقوں میں سورج آج بھی آگ برسائے گا، ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھ گئے

پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سورج آج بھی آگ برسائےگا اور شدید گرمی روزہ داروں کا امتحان لےگی۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی سورج کے خطرناک تیوروں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت کئی شہروں میں آج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

آج کراچی میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، گزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں شدید گرمی کی لہر جمعرات تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم جمعے سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے ہفتہ اور اتوار کو موسم بہتر رہنے کی توقع ہے۔
وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے بھی اگلے دس دن کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک کے خدشات بہت زیادہ ہیں۔

واضح رہے کہ ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔

گزشتہ روز جاری کیے گئے نوٹیفیکشن میں کہا گیا تھا کہ محکمہ کے ایم سی کے ماتحت اسپتالوں میں 29 سے 31 مئی تک ہنگامی حالت نافذ رہے گی اور پیرامیڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک کا گرم ترین شہر موہن جوڈرو تھا، جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا۔

علاوہ ازیں سکھر اور تربت میں 48 جبکہ لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور حیدر آباد میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب آج راولپنڈی، اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے کیا کریں؟

ترجمان وزارت ماحولیاتی تبدیلی محمد سلیم کے مطابق ہیٹ اسٹروک کی علامات میں بخار، شدید سر درد، جسم کا سرخ اور گرم ہونا، متلی، قے اور بے ہوشی ہے اور ان علامات کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

ترجمان کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے بزرگ، بچے اور روزہ دار بلاوجہ باہر نہ نکلیں۔

وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے ترجمان کے مطابق ہیٹ اسٹروک کے مریض کو چھاؤں یا ٹھنڈی جگہ پر منتقل کردینا چاہیے اور مریض کوغنودگی سے بچانے کے لیے ٹھنڈا پانی پلانا چاہیے۔

جبکہ سر اور جسم پر نل کے پانی کی پٹیاں کرنے اور بغل میں برف رکھنے کی بھی ہدایت کی جاتی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بھارتی حکومت شدت پسندی کے زیر اثر ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت میں شدت پسند گروہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *