Tuesday , December 11 2018
ہوم > پاکستان > ریحام خان کی کتاب کیلئے شہباز شریف سے پیسے لینے اور مریم نواز سےملاقات کی تردید

ریحام خان کی کتاب کیلئے شہباز شریف سے پیسے لینے اور مریم نواز سےملاقات کی تردید

سماجی کارکن اور سابق صحافی ریحام خان نے اپنی کتاب لکھنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پیسے لینے اور ان سے یا سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جائیں گی۔

ساتھ ہی انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے معاملے کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کردی۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کتاب لکھنے کے لیے شہباز شریف سے پیسے لیے اور نہ ہی کبھی ان کی شہباز شریف یا مریم نواز سے ملاقات ہوئی، ‘الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جاؤں گی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر پی ٹی آئی میری کتاب سے کیوں پریشان ہے؟’ریحام خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور اپنے سابق شوہر عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ آئین کے آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے ان کے ساتھ نکاح کو چھپا کر 2 ماہ تک جھوٹ بولا’۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ‘جو نگران وزیر اعلیٰ کا نام نہیں دے سکا، وہ ملک کیا چلائے گا؟’

اپنی کتاب کی اشاعت کے حوالے سے ریحام خان نے کہا کہ ان کی ‘کتاب سے الیکشن کو کیا خطرہ؟جو تاریخ بہتر لگی، اُس وقت کتاب منظر عام پر آجائے گی’۔

ریحام خان کی کتاب پر اٹھنے والا تنازع

ریحام خان نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب 2 جون کو تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا ڈرامہ حقیقی اپوزیشن کو گرانے کے لیے رچایا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں کہ وہ کب، کہاں، کس سے اور کس کے ذریعے ملیں۔

فواد چوہدری کے مطابق ریحام خان نے مریم نواز سے ملاقات کی جس کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا، اس ملاقات کے ناقابل تردید شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے کہ کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا تماشہ دراصل حقیقی حزب اختلاف کو گرانے کے لیے رچایا گیا۔

تاہم احسن اقبال کی جانب سے اس الزام کی تردید کی جاچکی ہے۔
دوسری جانب معروف گٹارسٹ و گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ ریحام خان نے عمران خان کو بدنام کرنے کے لیے کتاب لکھی ہے، جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے انہیں ایک لاکھ پاؤنڈز دیئے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے انتخابات کے موقع پر ریحام خان کی کتاب شائع کرنے کو مخصوص ایجنڈا قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ریحام خان کے قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ ان کی کتاب کا متن لیک یا ہیک کر لیا گیا ہے، تاہم کچھ بھی ہو یہ کتاب شائع ہو کر رہے گی۔

یہ بھی دیکھیں

شہریوں کے لیے خوشخبری ۔۔۔۔ آج پاکستان کے کن کن شہروں میں بارش کا امکان ہے؟ شاندار خبر

اسلام آباد(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *