16

امریکہ کی سرکاری عمارت میں حملہ۔۔۔ 12 افراد جاں بحق، متعدد افراد زخمی

ورجینیا (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست ورجینیا میں سرکاری عمارت میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کی ریاست ورجینیا میں ”پبلک یوٹیلیٹی” فراہم کرنے والے سرکاری ادارے کی عمارت میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور

نصف درجن کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ورجینیا بیچ کے ساحل پر واقع میونسپل بلڈنگ میں فائرنگ کرنے والے ملزم کی شناخت ورجینیا بیچ شہر کے سرکاری ملازم کے طور پر ہوئی جو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ۔ ملزم کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے پولیس افسر کی زندگی اس لیے بچ گئی کہ ان کو لگنے والی گولی بلٹ پروف جیکٹ میں پھنس گئی۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا بیچ پولیس کے سربراہ جیمز سرویرا نے بتایا کہ جمعہ کے دن ایک حملہ آور نے فائر کھولا اورعمارت کے اندر موجود کارکنان پر اندھا دھند گولیاں چلائیں۔ سرویرا نے بتایا کہ پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ انہوں نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ مشتبہ حملہ آور طویل عرصہ تک شہر کے سرکاری تعمیرات کے محکمے کا ملازم رہ چکا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کو مقامی وقت شام چار بجے ورجینیا بیچ میونسپل سینٹر سے فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد سرکاری عمارات والے پورے علاقے کو پولیس نے اپنے گھیرے میں لے لیا۔ متاثرہ عمارت میں ملازمت کرنے والی خاتون میگن بینٹن نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہم نے لوگوں کو چیختے اور ایک دوسرے کو زمین پر لیٹنے کا کہتے سنا۔ایک دوسرے ملازم نے بتایا کہ میں نے دیگر کے ہمراہ فائرنگ کی آوازیں سنیں لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ فائرنگ ہمارے اتنے قریب ہورہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں