10

ملکی معیشت کے لیے بُری خبر ۔۔۔ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی (نیوز ڈیسک ) عید کے بعد سے ڈالر نے ایک مرتبہ پھر سے اونچی پرواز شروع کر دی ہے اور تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہاہے آج کاروبار کے دوران ڈالر انٹر بینک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے ۔تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں کاروبار کا آغاز ہوا تو ڈالر کی قدر میں ایک

روپیہ اور ایک پیسہ اضافہ ہواہے جس کے بعد ڈالر 154 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم یہ پرواز کم نہ ہوئی اور کچھ ہی دیر کے بعد ڈالر کی قیمت کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا اور اس میں مزید ایک روپے کا اضافہ ہو گیا یعنی ڈالر کی قیمت میں آج کے روز 2 روپے 25 پیسے اضافہ ہو گیاہے جس کے ساتھ ڈالر اس وقت 155 روپے 15 پیسے کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہاہے ۔ جون کے مہینے میں انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 7 روپے 23 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیاہے ۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں مسلسل چڑھاﺅ دیکھنے میں آ رہاہے اور اڑھائی روپے کے اضافے کے ساتھ 155 روپے پر ٹریڈ کر رہاہے تاہم جون کے مہینے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر چھ روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے ۔سٹاک مارکیٹ میں بھی مسلسل اتار چڑھاﺅ جاری ہے ، آج صبح کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 35 ہزاور 403 کی سطح پر تھا تاہم کچھ دیر کے بعد اس میں بہتری آئی اور انڈیکس 158 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 35 ہزاور 561 پوائنٹس پر پہنچ گیا ۔تاہم یہ رجحان جاری نہ رہ سکی اور سٹاک مارکیٹ میں معمولی مندی کا رجحان پیدا ہوا اور 163 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ انڈیکس 35 ہزار 398 پوائنٹس پر جاگرا لیکن ایک مرتبہ پھر سے سرمایہ کاروں کی سنی گئی اور مثبت رجحان کا ایک مرتبہ پھر سے آغاز ہوا جس کے بعد 204 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 35 ہزار 602 پر پہنچ گیا ۔ اتار چڑھاﺅ کا سلسلہ سٹاک مارکیٹ میں جاری ہے اور اس وقت سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس محض 37 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 35 ہزاور 440 پوائنٹس پر چل رہاہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں